پنجاب میں مفرور اور اشتہاری ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم
لاہور (جاوید یوسف سے) پنجاب کے محکمہ داخلہ نے مفرور اور اشتہاری ملزموں کی فوری گرفتاری کے لئے پولیس حکام کو خصوصی احکامات جاری کئے ہیں اور ایسے ملزموں کے بارے میں تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی محکمہ داخلہ نے ایسے ملزموں کے بارے میں سخت نوٹس لیا ہے جو سنگین مقدمات میں ملوث ہیں اور مقدمات کے اندراج کے بعد سے گرفتار ہی نہیں ہوئے، یہ ملزم روپوش ہیں یا بیرون ملک چلے گئے ہیں۔ ماتحت عدالتوں سے بھی مسلسل متعلقہ حکام کو مفرور ملزموں کے بارے میں مراسلے روانہ کئے گئے ہیں۔ عدالتوں کو ایسے ملزموں کے بارے میں رپورٹیں آئی ہیں کہ وہ مقدمات میں دئیے گئے پتے پر رہائش نہیں رکھتے۔