دفاعی نمائش آئیڈیاز 2012ءکی سیکورٹی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات
کراچی (نمائندہ نوائے وقت) آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ 7 نومبر تا 11 نومبر ایکسپو سینٹر کراچی میں ہونے ولای دفاعی نمائش آئیڈیاز 2012ءکے موقع پر سیکورٹی کے تمام تر اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ”آرمز فار پیس“ کے سلوگن تلے ہونے والی اس نمائش میں دفاعی سازو سامان بنانے والی ملکی و غیر ملکی کمپنیز کے مندوبین کی شرکت کے پیش نظر ایکسپو سینٹر کے اندرونی حصوں اور اطراف کے علاقوں میں غیر معمولی سیکورٹی اقدامات کے ضمن میں نا صرف اضافی کی نفری کی تعیناتی بلکہ انٹیلی جنس معلومات کی شیئرنگ کو بھی مربوط اور موثر بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ غیر ملکی مندوبین اور انتہائی اہم شخصیات کی دفاعی نمائش میں شرکت کے تناظر میں ایکسپو سینٹر، رہائشی ہوٹلز اور ایکسپو سینٹر کراچی کو جانے اور آنے والے مختلف روٹس پر موبائل موٹر سائیکل گشت، نمایاں مقامات پر پولیس ڈپلائمنٹ اور پکٹنگ کے لئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ فیاض احمد لغاری نے ہدایات دیں کہ ایس پیز ڈویژنز متعلقہ تھانہ ایس ایچ اوز کی علاقوں میں موجودگی اور ان کی نگرانی میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کے تحت کڑی نگرانی اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کے اقدامات کو مربوط اور موثر بنائیں، علاوہ ازیں غیر ملکی مہمانوں اور دیگر اہم شخصیات کی سیکورٹی کے حوالے سے ایکسپو سینٹر اور رہائشی ہوٹلز کی انتظامیہ سے آمد اور روانگی کا شیڈول حاصل کر کے تمام ضروری امور پر عمل درآمد کو ممکن بنایا جائے۔