• news

کے ای ایس سی نے جہانگیر ٹاﺅن سے 300 کنڈے ہٹا دیئے

کراچی (وقائع نگار)کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی(کے ای ایس سی) نے گلستان جوہر کے علاقے جہانگیر ٹاﺅن سے 300 غیر قانونی کنڈے ہٹادیئے اور وہاں اب تک موجود ان غیرمجاز کھمبوں اور پی ایم ٹی کو ہٹانے کے لئے حکومتی سیکورٹی کا مطالبہ کیا ہے جن کی وجہ سے بجلی کی کمپنی کو لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا ہے،اور اس کام کو طاقتور مقامی عناصر کی جانب سے طاقت کے استعمال سے تحفظ حاصل ہے۔کے ای ایس سی کی سروے ٹیموں نے اوجھا کیمپس کے نزدیک واقع جہانگیر ٹاﺅن میں غیر قانونی لو ٹینشن پاور سپلائی نیٹ ورک دریافت کیا، جہاں تقریباً 150 گھروں کو قریبی سمیرا ہائٹس اور شمائل کمپلیکس سے لاکھوں روپے مالیت کی بجلی چوری کرکے فراہم کی جارہی تھی۔ کے ای ایس سی نے علاقے کے غیر قانونی صارفین کو کئی نوٹسز اور بل بھیجے۔ کوئی مثبت رد عمل نہ ملنے پر ، کنڈا ہٹانے والی ٹیم نے 300 غیر قانونی کنڈوں کو منقطع کردیا اوربجلی کی اس چوری میں استعمال کئے جانے والے تار قبضے میں لے لئے۔ تاہم علاقے سے تعلق رکھنے والے طاقتور عناصر اب بھی وہاں موجود بجلی کے غیر قانونی انفراا سٹرکچر کی حفاظت کررہے ہیں جو کہ بڑی تعداد میں غیر مجاز کھمبوں اور نجی طور پر نصب کئے جانے والے ایک 250 KVA کے ٹرانسفارمر پر مشتمل ہے۔ کے ای ایس سی نے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں سے مناسب سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے کہا ہے تاکہ علاقے میں موجود غیر قانونی نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جاسکے۔

ای پیپر-دی نیشن