”گنے کی قیمت 280 روپے من مقرر نہ ہوئی تو کماد کی فصل جلا دیں گے“
لاہور (نیوز رپورٹر)کسان بورڈ وسطیٰ پنجاب کی جنرل کونسل کا جلاس زیر صدارت چوہدری نور الٰہی تتلہ ایڈووکیٹ صدر وسطی پنجاب منصورہ ہیڈکوارٹر میں ہوا۔ جس میں سردار ظفر حسین صدر کسان بورڈ نے بھی شرکت کی۔جنرل کونسل کے اجلاس میں گزشتہ روز مرکزی مجلس عامہ کے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں متفقہ قرار داد منظور کی گئی کہ اگر پنجاب حکومت نے گنے کا ریٹ280روپے مقرر نہ کیا تو پنجاب کے کسان گنے کو جلادیں گے اور شوگر ملزمافیا کی ملیں بھی راکھ بن جائیں گی۔خادم اعلیٰ ظالم اعلیٰ نہ بنیں ورنہ اسمبلی ہال و وزیر اعلیٰ ہاﺅس کا گھیراﺅ کریں گے۔(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتیں کسانوں کی قاتل ہیں زرعی موٹرز اور بجلی کی قیمتوں میں بلوچستان والی پالیسی پنجاب میں بھی اپنائی جائے۔ امتیازی سلوک کی قبول نہیں کریں گے۔ اجلاس کے شرکاءنے کہکا کہ رائے ونڈ کے محلات میں رہنے والوں کو آرام کی نیند نہیں سونے دیں گے۔گنے کاریٹ واپس نہ لیا گیا تو پنجاب جام کردیں گے۔13نومبر سے15نومبر تک اسلام آباد میں پاکستان کے کسان کسیاں، درانتیاں، حقے لے کرہزاروں کی تعداد میں اکھٹے ہوکر حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔