پاکستان پٹرولیم اور عراقی حکومت میں تیل و گیس کی تلاش کے معاہدے پر دستخط
بغداد (اے ایف پی) عراق اور پاکستان پٹرولیم کے درمیان گذشتہ روز یہاں ایک معاہدے پر دستخط ہو گئے جس کے تحت پاکستان پٹرولیم عراق میں تیل و گیس تلاش کرے گی۔ معاہدے کے مطابق پاکستانی کمپنی 10کروڑڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور دو صوبوں واسط اور دیالہ کے 6ہزار مربے کلو میٹر کے علاقے میں تیل و گیس کی تلاش کا کام کرے گی۔ پاکستان پٹرولیم کے چیف ایگزیکٹو عاصم خان نے صحافیوں کو بتایاکہ اس بلاک سے تیل اور گیس کی پیداوار سے نہ صرف عراقی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ اس سے پاکستانی معیشت کو بھی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ابھی آغاز ہے ہم عراق میں مزید منصوبے بھی حاصل کریں گے۔ پاکستان پٹرولیم نے یہ ٹھیکہ مئی میں کھلی نیلامی کے ذریعے حاصل کیا تھا۔ سمجھوتے کے مطابق پاکستان پٹرولیم کو علاقے سے ملنے والے تیل و گیس پر 5.38ڈالر فی بیرل کے حساب سے معاوضہ ملے گا۔