• news

منڈا ڈیم: ماحولیاتی اثرات کے جائزہ کیلئے 12 لاکھ یورو گرانٹ

لاہور(نیوز رپورٹر) یورپی یونین نے سوات طاس(Basin) میں منڈا ڈیم اور دیگر منصوبوں کے لئے ماحولیاتی تبدیلوں کے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے 12 لاکھ یورو گرانٹ مہیا کر دی ۔ مذکورہ مطالعات کے لئے جرمن کمپنی اے ایچ ٹی اور پاکستانی کمپنی نیسپاک پر مشتمل جوائنٹ ونچر کا بطور کنسلٹنٹس تقرر کر دیا گیا ۔ واپڈا منصوبوں خصوصاً منڈا ڈیم پراجیکٹ سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کے لئے یورپی یونین اور کنسلٹنٹس کے نمائندوں پر مشتمل ایک وفد نے چیئرمین واپڈا راغب شاہ سے ملاقات کی ۔ وفد کی قیادت یورپی یونین کے ہیڈ آف آپریشن بیرینڈ ڈی گروٹ نے کی ۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے کہا کہ منڈا ڈیم سماجی و اقتصادی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لئے نہایت اہم ہے کیونکہ یہ منصوبہ آبپاش زراعت کے لئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا ، سیلاب سے بچاﺅ میں مدد گار ثابت ہوگا اور کم لاگت پن بجلی پیدا کرے گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی اے ایف ڈی نے ایک کروڑ 10 لاکھ یورو فنڈز فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ منڈا ڈیم پراجیکٹ میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 12 لاکھ 90 ہزار ایکڑفٹ اور بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 740 میگاواٹ ہے ۔ یہ منصوبہ قومی نظام کو ہر سال 2 ارب 40 کروڑ یونٹ کم لاگت پن بجلی مہیا کرے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن