سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ‘ مظہر عباس کی قیادت میں قومی ٹیم ملائیشیا روانہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے پاکستان ٹیم مظہر عباس کی قیادت میں ملائیشیا روانہ ہو گئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مانیٹر اور اس میں مزید بہتری لانے کے لئے کنسلٹنٹ طاہر زمان کو بھی ٹیم سے ساتھ ملائیشیا بھجوایا ہے۔ سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ 11 سے 18 نومبر تک کھیلا جائیگا جس میں میزبان ملائیشیا سمیت چھ ٹیمیں حصہ لینگی۔ روانگی سے قبل نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کنسلٹنٹ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ ہمارا ٹارگٹ 2013ءکا جونیئر ورلڈ کپ ہے جس کو مد نظر رکھ کر جونیئر کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں محنت کرائی جا رہی ہے۔ سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ میں شریک کسی ایک ٹیم کو کمزور کہنا قبل از وقت ہے ہم نے تربیتی کیمپ میں شاٹ کارنر اور پریشر گیم کو ہینڈل کرنے کے لئے کھلاڑیوں کو سکھایا ہے۔ ملائیشیا میں کھیلا جانے والے ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا امتحان ہوگا لہذا جونیئر کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ پوری محنت کے ساتھ میدان میں اتریں ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتا ہے اصل کام پاکستان ہاکی کا گراف بہتر کرنا ہے۔ چھ ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے روانہ ہونے والے قومی سکواڈ میں کپتان مظہر عباس، امجد علی، محمد خالد بھٹی، علیم بلال، کاشف جاوید، احمد شکیل بٹ، تصور عباس، محمد عرفان، عمر سردار، محمد دلبر، محمد جعفر، محمد سلمان، رضوان علی، محمد سلیم، ارسلان قادر، اسد بشیر، محمد بلال خان اور فیصل قادر جبکہ آفیشلز میں رانا مجاہد ہیڈ کوچ و منیجر اور طاہر زمان کنسلٹنٹ بھی شامل ہیں۔