• news

ترقیاتی اخراجات: پولیس‘ ایجوکیشن سروسز سمیت کئی محکمے ایک پیسہ بھی خرچ نہ کر سکے

لاہور (احسن صدیق) پنجاب حکومت کے محکمے رواں مالی سال 2012-13 کی پہلی سہ ماہی جولائی سے ستمبر کے دوران ترقیاتی ہدف کے مطابق اخراجات کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ ذرائع کے مطاق پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لئے ترقیاتی اخراجات کی مد میں 65 ارب 23 کروڑ 68 لاکھ42 ہزار روپے کا ہدف مقرر کیا تھا جس کے مقابلے میں پنجاب حکومت کے محکمے اتنی مدت کے دوران صرف 18 ارب 17 کروڑ 91 لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کر سکے۔ ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا پولیس، لا کورٹس، جیل خانہ جات، دیگر انڈسٹری، ہاﺅسنگ ڈویلپمنٹ، ریکریشنل اینڈ سپورٹنگ سروسز، کلچرل سروسز، مذہبی امور، ایجوکیشن سروسز، سیکرٹریٹ پالیسی کریکلم، ایجوکیشن افیرز اینڈ سروسز ناٹ ایلسوئیر کلاسیفائیڈ نے ترقیاتی اخراجات کی مد میں ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ پنجاب میں مختص 250 ارب کا ترقیاتی بجٹ استعمال نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے صحت اور تعلیم کے لئے مختص ترقیاتی اخراجات ہدف سے کم خرچ کئے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی صحت کے لئے پہلی سہ ماہی میں 2.24 ارب روپے کا ہدف مقرر تھا لیکن 1.998ارب روپے خرچ کئے گئے اس طرح تعلیم کے لئے 5.64 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کا ہدف تھا لیکن صرف 12.75 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن