حمزہ الٰہی قتل کیس کی تفتیش تبدیل کروانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور (وقائع نگار خصوصی/ اپنے نامہ نگار سے) حمزہ الٰہی قتل کیس کی تفتیش تبدیل کروانے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ مقتول حمزہ کے والد شیخ فضل الٰہی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیارکیاگیاکہ سابق کمشنر خسرو پرویز کے بیٹے شان نے درخواست گذار کے بیٹے حمزہ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا اور تفتیش میں پولیس ملزم شان کو گناہ گار قراردے چکی ہے لیکن خسرو پرویز کے اثرورسواخ کے باعث تفتیش کو پھر تبدیل کر دیا گیا۔ جس کا بنیادی مقصد ملزم کو بچانا اور درخواست گذار کے خاندان کو انصاف سے محروم رکھنا ہے لٰہذا عدالت تفیش تبدیل کرنے پر حکم امتناعی جاری کرے۔ دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج عبدالقیوم خان نے حمزہ الٰہی قتل کیس میں ملزم کی جانب سے سینئر کونسل کے حاضر نہ ہونے پر مقدمہ کی سماعت آج تک ملتوی کر دی ہے۔ گذشتہ روز ملزم شان خسرو کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر بحث ہونی تھی مگر ان کی جانب سے جونیئر کونسل حاضر ہوئی جس نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمارے سینئر وکیل مصروف ہیں اس لئے حاضر نہیں ہو سکتے۔