صدارتی انتخاب کوئی بھی جیتے،پاکستان سے تعلقات پر فرق نہیں پڑے گا: امریکی قونصل جنرل
کراچی( اے پی اے) امریکہ میں صدارتی انتخاب کوئی بھی جیتے، پاکستان سے دو طرفہ تعلقات پر فرق نہیں پڑے گا،پاکستان کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری معاہدے پردستخط جلد کئے جائیںگے۔ کراچی سٹاک ایکسچینج میںامریکہ کے قونصل جنرل نے گھنٹی بجا کر روایتی ٹریڈنگ کا آغاز کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں امریکی مائیکل ڈوڈمین نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق معاہدے پر دستخط جلد کئے جائیںگے۔ معاہدے کے تحت پاکستان امریکہ میںاور امریکہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھائے گا۔ امریکہ کی خارجہ پالیسی کا تسلسل جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اہم کردار اداکرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ٹریول ایڈوائزری پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کیلئے جاری کی جاتی ہے۔امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ مزید امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں،پاکستان میں توانائی، کنزیومر پروڈکٹس اور مینو فیکچرنگ کے شعبوں میں امریکی کمپنیاں خاص دلچسپی رکھتی ہیں۔