ملتان: مناسب نرخ نہ ملنے پر کئی من کپاس نذر آتش، 2 کسان جھلس گئے
لاہور + ملتان (نیوز رپورٹر + آئی این پی) کسان اتحاد کونسل کے زیر اہتمام کاشتکاروں نے کپاس کے مناسب نرخ نہ ملنے کے خلاف احتجاجاً کئی من کپاس کو آگ لگا دی جس کے دوران دو کسان بھی جھلس گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں کسان اتحاد کونسل کی جانب سے کپاس کے مناسب نرخ نہ ملنے کے خلاف کلمہ چوک پر احتجاج کیا، جبکہ حکومت کی کسان دشمن اور زراعت کش پالیسیوں کے خلاف کسان بورڈ پاکستان کی طرف سے چلائی جانے والی احتجاجی تحریک کے حوالے سے سیکرٹری اطلاعات کسان بورڈ پاکستان حاجی محمد رمضان نے نیشنل کسان موومنٹ کے مرکزی چیئرمین میجر (ر) حبیب الر حمن میو ایڈووکیٹ سے ملاقات کر کے انہیں بتایا کہ حکومت کی کسان دشمن اور زراعت کش پالیسیوں کے خلاف کسان بورڈ پاکستان نے احتجاجی تحریک کا آ غازکر دیا ہے۔