خواتین کو وراثت سے محروم کرنے کےلئے بہت سے حربے استعمال کئے جاتے ہیں: ذکیہ شاہنواز
لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب کی مشیر بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں عورتوں کو وراثت یا جائیداد میں زمین کے مالکانہ حقوق کے متعلقہ امور میں مشکلات کا سامنا ہے، انہیں جائیداد اور وراثت سے محروم کرنے کے لئے بہت سے حربے استعمال کئے جاتے ہیں تاہم اب پنجاب حکومت کے اقدامات کے بعد وراثت کی منتقلی کا عمل آسان تر ہوگیا ہے جو خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ایکشن ایڈ پاکستان اور وائس کے زیر اہتمام عورتوں کے وراثت اور جائیداد سے متعلقہ مسائل اور حکومتی اقدامات کے موضوع پر ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم پی اے آمنہ الفت، فائزہ ملک، شائستہ پرویز ملک، نیلم حسین، بشری خالق، داوﺅد ثقلین اور نسیم بانو کے علاوہ بورڈ آف ریونیو کے ڈپٹی سیکرٹری سادات پرویز ملک نے بھی خطاب کیا۔ بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ ہماری خواتین زراعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور حکومت ہر سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ویمن پیکج کے نفاد پر تیزی سے کام جاری ہے جس کے مطابق عورتوں کو وراثت اور مزارعین کے ایکٹ، کچی آبادیوں کی رہائشی سکیموں میں مالکانہ حقوق دینے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔