”حکومت پنجاب ہر سطح پر خواتین کو معاشی، معاشرتی، قانونی تحفظ دینا چاہتی ہے“ : ارم بخاری
لاہور (پ ر) سیکرٹری برائے محکمہ ترقی خواتین پنجاب ارم بخاری نے کہا ہے کہ مرد سرکاری ملازمین کو اپنے بچوں کی پیدائش پر دوران ملازمت دو مرتبہ ایک ہفتے کی بمعہ تنخواہ رخصت ویمن پیکج پر عملدرآمد کی ایک کڑی ہے جس کا خواتین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ یہ بات انہوں نے خواتین کی مختلف سماجی نمائندہ تنظیموں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ارم بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنے ویژن کے مطابق ہر سطح پر خواتین کو معاشی و معاشرتی اور قانونی تحفظ دینا چاہتی ہے۔ حکومت پنجاب نے خواتین کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے سرکاری ملازم شوہر کو دوران ملازمت دو مرتبہ بچوں کی پیدائش کے موقع پر بمعہ تنخواہ رخصت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے اپنی بیوی کی مدد کر سکیں۔