جارجیا: اختیارات سے تجاوز کے شبہ پر آرمی چیف گرفتار
تبلیسی (اے پی پی) سابق سوویت ریاست جارجیا کی نئی حکومت نے اختیارات سے تجاوز کے شبہ میں مسلح افواج کے چیف آف سٹاف جنرل گیورگی قلنددازرے کو گرفتار کرلیا۔ اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائد کیا ہے کہ آرمی چیف کی گرفتاری صدر میخائل سکاشویلی کے حامیوں سے انتقامی کارروائی ہے۔ پارلیمانی انتخابات میں کلین سویپ کے بعد منتخب وزیراعظم بدزینہ ایوالشویلی نے کہا تھا کہ جرائم میں ملوث سابق حکام کے خلاف مقدمات قائم کئے جائیں گے۔ بدھ کو اپنے وعدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع اور وزیر داخلہ باچوا خالیہ اور ملٹری چیف آف سٹاف جنرل گیﺅرگی کو پوچھ گچھ کی غرض سے حراست میں لیا گیا۔ باچواخالیہ پارلیمانی انتخابات سے قبل ایک سکینڈل کے سلسلے میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے تھے۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سابق وزیر دفاع وزارت کے دوران متعدد افسروں کی توہین کر چکے ہیں۔