• news

کراچی : سیاسی کارکنوں سمیت مزید گیارہ جاں بحق‘ حیدرآباد میں دو قتل


کراچی + حیدرآباد (کرائم رپورٹر + آن لائن) کراچی بدستور پرتشدد واقعات کی لپیٹ میں ہے۔ گذشتہ روز بھی فائرنگ کر کے سیاسی کارکنوں سمیت 6 افراد کو جاںبحق اور پانچ کو زخمی کر دیا گیا جبکہ ایک ہوٹل اور چار گاڑیاں بھی نذر آتش کر دی گئیں اور کشیدگی کے سبب کئی علاقوں میں کاروبار زندگی معطل رہا۔ اورنگی ٹاﺅن کے سیکٹر 12 سی میں نشان حیدر چوک کے قریب نامعلوم افراد نے پیپلز پارٹی کے دو کارکنوں رضا علی اور جہانگیر کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ ادھر منگھوپیر کے علاقے الطاف نگر میں نامعلوم افراد نے متحدہ کے رکن سہیل کو اغوا کے بعد تشدد اور فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔ اس کے علاوہ سرجانی کے علاقے تیسر ٹاﺅن میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے چمپرا ہوٹل پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہوٹل پر بیٹھا ہوا ایک نوجوان 25 سالہ محمد حسن ولد شبیر ہلاک اوردو افراد پیر جان اور قاسم زخمی ہو گئے جبکہ سائٹ کے علاقے میں ہارون آباد سٹاپ کے نزدیک مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کر کے شعبان کو ہلاک کر دیا۔ ادھر دوسرے طرف نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے جاںبحق دو نوجوانوں کی نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے دوران مشتعل افراد نے بفرزون میں ارم شاپنگ سینٹر کے قریب شہ زور ٹرک نمبر کے ایل9858- کو نذر آتش کر دیا جبکہ فائیو سٹار چورنگی پر بس نمبر آئی ڈی سی 2083 اور سہراب گوٹھ کے علاقے میں ایک ہوٹل اور ایک ٹرک کو آگ لگائی گئی جبکہ پی آئی بی کے علاقے میں سوزوکی کوبھی جلایا گیا۔ فراز حیدر اور وسیم نامی دونوں نوجوان منگل کو لیاقت آباد میں فائرنگ سے جاںبحق ہو گئے۔ اورنگی ٹا¶ن میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جاںبحق ہو گیا۔ ادھر حیدرآباد میں 4 روز سے جاری کشیدگی میں کمی نہ آ سکی اور گذشتہ روز مزید 2 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ گذشتہ شب مکی شاہ کے علاقے میں پولیس چوکی کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو قتل کر دیا تھا۔ جبکہ ہٹڑی بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے عبدالرحمن پٹھان نامی شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن