وٹو، زرداری، چودھری برادران دونوں کو چھرا گھونپیں گے: رانا ثنائ
لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خاں نے کہا ہے کہ مفادپرست اور بیت المال و بیواﺅں کے فنڈز ہڑپ کرنے والے آج کس منہ سے عوام کی بات کر رہے ہیں؟ یہ وہ خودساختہ لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے لئے ہر گرا ہوا حربہ استعمال کیا لیکن اب عوام ایسے لٹیروں اور شاطروں کو پہچان چکے ہیں، آئندہ انتخابات میں ان کا اور ان کی اتحادی لٹیری جماعتوں کا وہ انجام ہو گا جسے دنیا دیکھے گی۔ رانا ثناءاللہ نے منظور وٹو کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وٹو جس کے اشارے پر پنجاب میں اقتدار کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ نہ صرف اس کو بلکہ چودھری برادران کو بھی چھرا گھونپیں گے کیونکہ ان کا ہمیشہ سے یہی وطیرہ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اصغر خان کیس کی غلط تشریح کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور عدالت عظمیٰ میں وزیراعلیٰ کی دوہری شہریت کے معاملے پر راجہ ریاض کی طرح معافی مانگنا پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو اگر اس فیصلے کی سمجھ آ جائے تو وہ سب سے پہلے کرپٹ صدر زرداری کو ایوان سے اٹھاکر باہر پھینکے گی جس نے قصر صدارت کو لوٹ مار اور سیاسی سرگرمیوں کا گڑھ بنایا ہوا ہے۔