ان فٹ کھلاڑی خود چلے جائیں ورنہ صفائی کرنا پڑیگی: اختر رسول
لاہو+ جوہر بارو (سپورٹس رپورٹر +نیوز ایجنسیاں) قومی ہاکی ٹیم کے ہےڈ کوچ و منےجر اختر رسول نے کہا ہے کہ ان فٹ کھلاڑی خود چلے جائیں تو بہتر ہو گا ورنہ ہمیں صفائی کرنا پڑیگی‘ ڈسپلن اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اختر رسول نے کہا کہ میں ان فٹ کھلاڑیوں سے کہوں گا کہ وہ ہمارا اور ہاکی شائقین کا امتحان نہ لے اور خود ہی ٹیم سے الگ ہو جائیں کیونکہ اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو ہمیں ٹیم کی بہتری کیلئے خود ان کو نکالنا پڑیگا۔ پاکستان میں بہت زیادہ ہاکی کا ٹیلنٹ موجود ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ نئے لڑکوں کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے قومی ہاکی کو بحرانوں سے نکالنے کےلئے اولمپئنز کو کردار ادا کرنے کےلئے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے بہترین کھلاڑی منتخب کرینگے۔ 13 نومبر کو چیمپئنز ٹرافی کے لئے بہترین کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائیگا۔ پاکستانی جونیئر ہاکی ٹیم سلطان جوہر اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کےلئے جوہر بارو پہنچ گئی ۔ کپتان گول کیپر مظہر عباس نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ اگلے سال نئی دہلی میں نومبر کے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد گار ثابت ہوگا۔ چیف کوچ رانا مجاہد علی خان نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ کھلاڑیوں پر واضح کردیاگیا ہے کہ وہ خامیوں کونہ دہرائیں۔