شہبازشریف سے عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، پنجاب میں ترقی کی رفتار حوصلہ افزا ہے: راشد بن مسعود
لاہور (خبر نگار) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے گذشتہ روز اسلام آباد میں عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں جاری اقتصادی و ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کو صوبے میں تعلیم ،صحت ، توانائی کے منصوبوں اور معاشی و سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں ترقی کے ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرقیادت پنجاب میں ترقی کی رفتار حوصلہ افزا ہے۔