پیپلز پارٹی کے ساتھ کام کرنے میں مزا آ رہا ہے: پرویز الٰہی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت نیوز) نائب وزیراعظم اور مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آ رہا ہے۔ اسلام آباد چیمبر میں تقریب سے خطاب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ جن لوگوں کے ساتھ انہوں نے 14سال گزارے یا ضائع کئے انہوں نے قدر نہیں کی۔ چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پنجاب میں ان کے منصوبے کو بند کرایا اور اب تاجروں کو تنگ کر رہی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ صدر زرداری انہیں کبھی ناں نہیں کرتے۔ اس شریف آدمی نے محبت دی ہم نے وعدہ کیا ہے کہ اکٹھے چلیں گے اور الیکشن بھی اکٹھے لڑیں گے۔ ادھر لیپ ٹاپ تقسیم کرنا کوئی کام نہیں ہے اس کے بجائے یونیورسٹی اور ادارے بنائے جاتے۔ تمام پارٹیاں معاشی پالیسیوں کے بارے میں یہ اتفاق رائے پیدا کریں۔ صنعتی پالیسی کو متفقہ بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے انہوں نے پالیسیاں بناتے وقت کاروباری برادری سے ہمیشہ مشاورت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی موجودہ حکومت نے منصوبے کئے یا کرنے میں تاخیر کی لیکن ہمارے منصوبوں میں اتنی جان تھی ان کو چلانا پڑا تاہم ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے۔ سوشل سکیورٹیز کا ادارہ صنعت کاروں کو تنگ کرتا تھا۔ اس حوالے سے مشاورت سے نظام بنایا جس سے ٹیکس کی شرح کم کر دی تاہم ریونیو 3گنا بڑھا۔ اچھی نیت اور مشاورت سے کام کے بہتر نتائج آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں 5 سال میں جتنا کام کیا وہ 55سال میں نہیں ہوا اگر ہماری کارکردگی بہتر نہ ہو تو سیاست سے آﺅٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں انڈر گراﺅنڈ ریلوے کا منصوبہ دیا تھا جس کے لئے اے ڈی بی نے اعانت بھی دی تھی اور یہ منصوبہ 2012ءمیں مکمل ہو جانا تھا۔ اس وقت بھارت نے یہ منصوبہ شروع کیا اور کہا کہ پاکستان کے پاس اس منصوبے کے حوالے سے بہتر لوگ ہیں۔ ان کا وفد یہاں آیا اور دیکھا۔ بھارت میں یہ منصوبہ چل پڑا جبکہ پنجاب میں دوبارہ بسوں کا ناکام منصوبہ شروع کر دیا گیا، پیسے کو ضائع کیا جا رہا ہے اور پیسہ تنوروں اور پیلی ٹیکسیوں میں ضائع کر دیا گیا۔