ملالہ سے افغانستان میں مارے گئے برطانوی، امریکی فوجیوں کے اہل خانہ کو ملانے کا پروگرام
لندن (خصوصی رپورٹ/خالد ایچ لودھی) برمنگھم کے کوئین الزبتھ ہسپتال میں زیر علاج ملالہ یوسف زئی کے والدین اور دونوں بھائیوں کو برطانیہ میں مستقل قیام کی اجازت دے دی جائے گی اس ضمن میں برطانوی امیگریشن رولز کے تحت انسانی حقوق کے قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے گا، ملالہ یوسف زئی کے والدین کو رہنے کیلئے گھر اور دیگر الاﺅنسز کے علاوہ تمام مراعات دی جائیں گی جو برطانوی شہریوں کو حاصل ہیں۔ برطانوی اور امریکی فوجیوں کے ان خاندانوں سے بھی ملالہ یوسف زئی کو ملوانے کا پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے جو افغانستان میں فوجی کارروائیوں کے دوران طالبان کے ہاتھوں مارے جا چکے ہی۔ ان مارے جانے والے فوجیوں کے خاندانوں میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے اور یہ خاندان امریکی اور برطانوی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کر چکے ہیں۔ یہ خاندان افغانستان سے فوجیوں کو واپس بلانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ امریکی اور برطانوی حکومت نے ملالہ یوسف زئی پر حملے کے ایشو کو اپنے مارے جانے والے فوجیوں کے خاندانوں کے ساتھ جوڑ کر عوامی رائے عامہ میں پائے جانے والے جذبات کو ٹھنڈا کرنے اور طالبان کے خلاف جذبات ابھارنے کی حکمت عملی وضع کی ہے جس کا مقصد افغانستان میں نیٹو افواج کی کارروائیوں کا جواز برقرار رکھنا ہے۔