یکم دسمبر سے موبائل سم دکانوں پر فروخت نہیں ہو گی‘ محرم میں دہشت گردی کا خطرہ‘ غیر ملکی طاقتوں نے شیعہ سنی فسادات کا منصوبہ بنا لیا: رحمن ملک
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے اوباما دوبارہ عہدہ سنبھالنے سے قبل ڈرون حملے بند کرنے سمیت پاکستان سے متعلق اپنی پالسییوں پر نظر ثانی کا اعلان کریں‘ محرم الحرام میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کا خطرہ ہے ‘ غیر ملکی طاقتوں نے شیعہ سنی فسادات کرانے کا منصوبہ بنا لیا ہے جسے ناکام بنانے کیلئے صوبوں کو ٹاسک دیدیا گیا ہے‘ صوبوں نے حساس علاقوں کے بارے میں فہرست دیدی ہے‘ محرم میں امن و امان کے قیام کیلئے مخصوص علاقوں میں موبائل سروس بند کر دی جائی گی‘آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی‘مساجد اور مدارس میں رات قیام والوں کی اطلاع قریبی تھانوں کو دینا ہو گی‘ممبئی حملوں کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کو دوبارہ بھارت بھیجا جا رہا ہے‘ نومبر کے آخر میں بھارت میں ویزا پالیسی کا اعلان کرونگا‘ اصغر خان کیس میں عدالتی فیصلے کی روشنی میں ایف آئی اے کارروائی کی خود مجاز ہے ‘جلد یو ٹیوب کھول دیں گے‘ 31 دسمبر تک عوام اپنی موبائل فون سمز کی تصدیق کرا کر اپنے ایڈریس درست کرالیں ورنہ سمز خود بخود بلاک ہو جائیں گی اور ”ہیپی نیو ایئر“ نہیں کہا جا سکے گا۔ وہ یہاں وزارت داخلہ میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا محرم میں وفاق تمام صوبوں کو ایک ایک ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا۔ ماتمی جلوسوں کی کوریج کیلئے زیادہ سے زیادہ مووی کیمرے استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا محرم میں دہشت گردی کے لئے سکیورٹی تھرٹس موصول ہوئے ہیں تاہم انہیں عوام کے سامنے نہیں لا سکتے۔ تیسری قوت جو پاکستان میں پراکسی وار کرا رہی ہے وہ شیعہ سنی کو آپس میں لڑانے کے لئے بھرپور طریقے سے متحرک ہے۔ دونوں مسالک سے اپیل کرتا ہوں وہ اشتعال میں نہ آئیں اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں سیٹلائیٹ فون کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور دہشت گرد اسے استعمال کر رہے ہیں آئندہ پی ٹی اے کی رجسٹریشن کے بغیر بھی سیٹلائیٹ فون فروخت نہیں کر سکے گا۔ رحمن ملک نے کہا ایک فون کمپنی کی سم دوسری کمپنی پر تبدیل کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ موبائل فون چلتا پھرتا بم ہے۔ انہوں نے کہا بھارت سے برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔ یو ٹیوب سے توہین آمیز مواد کو فلٹر کرنے کےلئے ایک نیا سافٹ ویئر خریدنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ علماء یوٹیوب کھولنے کے بیان کو منفی انداز میں نہ لیں۔ ملالہ یوسف زئی پر حملے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہینڈلرز کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور جلد پوری چین قانون کی گرفت میں ہو گی۔ طالبان کے کئی دھڑے بن چکے ہیں۔ ہو سکتا ہے ملالہ پر حملے کے لئے کسی نے طالبان کی فرنچائز لی ہو۔آن لائن کے مطابق رحمن ملک نے کہا موبائل سموں کو بہتر طریقے سے ریگولائز کیا جائے گا جبکہ یکم دسمبر سے موبائل سروس کی دکانوں پر فروخت پر پابندی عائد کر دی جائے گی اور پری پیڈ سموں کی رجسٹریشن کے لئے تصدیق کا عمل بھی مکمل کرنے کے لئے پی ٹی اے کو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن دی ہے جس کے بعد غیر تصدیق شدہ سموں کو بلاک کر دیا جائے گا۔