بجلی کی فراہمی،واجبا ت کی وصولی کی صورتحال بہتر ہوگئی:نرگس سیٹھی
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی نے کہا ہے کہ بجلی کی فراہمی اور واجبات کی وصولی کی صورتحال بہتر ہو گئی ہے، ایمانداری سے بل دینے والوں کو نادہندگان کی وجہ سے سزا نہیں ملنی چاہئے۔ جمعرات کو یہاں سینےٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد بجلی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں، تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سربراہوں کو واجبات کی وصولی کیلئے باقاعدہ اہداف دیئے گئے، بجلی چوروں کیخلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے، اب کسی کو مفت بجلی نہیں ملے گی ۔ ایمانداری سے بل دینے والوں صارفین کو نادہندگان کی وجہ سے سزا نہیں ملنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلے دو ماہ میں واجبات کی وصولی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ عوامی شکایات کے ازالے کیلئے باقاعدہ شکایات مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں، کوتاہی پر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہو گی۔