• news

”ڈاکٹر آئندہ ہڑتال نہ کریں“ لاہور ہائیکورٹ نے لائسنس معطلی کی درخواستیں نمٹا دیں

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق کے لئے ہڑتال کرنے اور اس دوران ہسپتالوں میں ہونے والی اموات پر ینگ ڈاکٹروں کے لائسنس معطل کرنے کے لئے دائر درخواستیں نمٹاتے ہوئے ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ کسی بھی صورت ہڑتال یا دھرنا نہیں دیں گے۔ گذشتہ روز کیس کی سماعت کے دوران حکومتی وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ینگ ڈاکٹروں کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ طے پا گئے ہیں اور سروس سٹرکچر کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹروں کی جانب بھی ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔ ینگ ڈاکٹروں کی قیادت کرنے والے ڈاکٹر حامد بٹ نے عدالت سے کہا کہ معاملہ احسن طریقہ سے طے پا گیا ہے لیکن اس سارے معاملے میں ہمیں عدالت کی ناراضگی کا خیال تھا جس پر فاضل عدالت نے کہا کہ عدالتیں کسی سے ناراض نہیں ہوتیں اب معاملہ اچھے طریقہ سے طے پا گیا ہے اگر کل کو کوئی بھی ایسا معاملہ آپ کو پیش آتا ہے تو آپ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن