فوج‘ عدلیہ کے سربراہوں کے بیانات سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں: شہباز شریف
لاہور + عارفوالا + بوریوالا (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کا سیاسی خاتمہ ہو جائے گا کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی نااہل حکومت نے ساڑھے چار برس کے دوران عوام کو بری طرح مایوس کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک و قوم کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔ ریکارڈ کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے قومی اداروں کو کنگال کردیا گیا۔ عارف والا میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ڈاکٹر فرخ جاوید کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ ملک و قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے والے نااہل حکمرانوں کا جانا ٹھہر گیا ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام ایسی دیانتدار اور ایماندار قیادت منتخب کریں گے جو ان کے مسائل حل کرسکے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے بیان سے جمہوری عمل خطرے میں تو نہیں پڑتا تو وزیراعلی نے کہا کہ آرمی چیف نے ایسی کوئی بات نہیں کہی جس سے یہ شائبہ ہو کہ ان کا بیان غیر آئینی ہے۔ اصغر خان کیس میں عدالتی فیصلے کے بارے میں سوال کے جواب میں وزیراعلی نے کہا کہ بغیر ثبوت عدالت کے فیصلے پر بات کرنا ٹھیک نہیں۔ عدالت عظمی نے کسی سیاستدان کے حوالے سے بات نہیں کی اور یہ کہا ہے کہ سیاستدانوں نے حلف کی پاسداری نہیں کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ تمام ادارے محترم ہیں، آئین میں ہر ادارے کی حدود و قیود متعین ہیں۔ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر فرخ جاوید کے والد کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کوجنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلی نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کے سربراہوں کے بیانات سے جمہوریت کو خطرہ نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے کسی سیاستدان سے متعلق حتمی رائے نہیں دی۔ عارفوالا سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلی نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کا نام و نشان مٹا دیں گے۔ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا جائے گا۔ ہم نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کی پاسداری کی ہے آئندہ بھی کریں گے۔ اصغر خان کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ثبوت آنے پر بات ہو گی۔ ضلع پاکپتن مسلم لیگ (ن) کا گھر ہے اور آئندہ بھی ضلع پاکپتن سے مسلم لیگ ن کلین سویپ کرے گی۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی قزاقوں سے قائد اعظمؒ اور اقبالؒ کے پاکستان کو بچانے کیلئے قوم متحد ہوجائے محب وطن سیاسی جماعتیں کردار ادا کریں۔آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) چاروں صوبوں اور وفاق میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ ملکی خزانہ لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ منظور وٹو ایک پٹا ہوا سیاسی مہرا ہے جس نے ہمیشہ اپنے محسنوں کی احسان فراموشی کی۔ کارکن عام انتخابات کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کر دیں آئندہ تمام انتخابات میں ملکی خزانے کو جس بے دردی سے لوٹا گیا وہی زیر بحث رہے گا۔ پنجاب حکومت نے تمام تر محدود وسائل کے باوجود پنجاب میں عوام دوست سکیمیں ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے عوام کی بے مثال خدمت کی ہے۔ پنجاب حکومت کے خلاف کرپشن کا کوئی بھی ایک سکینڈل منظر عام پر نہیں آیا۔ بورے والا سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا ہے مشترکہ مفادات کونسل میں یکساں لوڈشیڈنگ کے متعلق پنجاب کو اپنے اصولی مﺅقف میں کامیابی حاصل ہوئی اس سے پنجاب کے عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات حاصل ہو گی اور دیگر صوبوں کا احساس محرومی بھی ختم ہو گا اسی لیے ہمارے موقف کو دوسرے صوبوں نے بھی تسلیم کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صوبائی وزراءچودھری نذیر احمد آرائیں، پیر غلام محی الدین چشتی، ممبر پنجاب اسمبلی ضلعی جنرل سیکریٹری نعیم احمد خاں بھابھہ اور ضلعی نائب صدر سردار عقیل احمد شانی ڈوگر پر مشتمل لیگی رہنماﺅں کے وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اب پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے باعث بند صنعتی یونٹس دوبارہ پیداوار شروع کر دیں گے ہزاروں بے روز گار مزدوروں کو دوبارہ روز گار ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش کے موقع پران کے مزارپر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے ملک و قوم کی سا لمیت اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعلی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری سے برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیااور مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کاتصور دیا اس تصور کو بانی پاکستان قائد اعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں عملی جامہ پہنایا گیا۔ ملک اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ آج اقبالؒ کے افکار اور پیغام کو عام کریں کیونکہ ملک و قوم کو اتحاد و اتفاق کی اشدضرورت ہے۔ بد قسمتی سے گزشتہ 65برس کے دوران ملک وقوم کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے یہی وجہ ہے کہ آج ہم اقوام عالم میں ترقی و خوشحالی کے سفر میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ میرا ایمان ہے کہ کسی غیر کی طرف دیکھنے کے بجائے ہم اپنے مسائل خود حل کرسکتے ہیں لیکن اس کے لئے ایماندار، دیانتد ار اور اہل قیادت چاہیئے جو ملک و قوم کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے دن رات ایک کردے۔ اگرچہ وقت بہت تیزی سے گزر رہا ہے لیکن اگر ہم آج اپنی نیت اورسمت درست کرلیں اور ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اورصرف قومی اورملکی مفاد میںفیصلے کریں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اقبالؒ اورقائدؒ کا پاکستان تعمیر کرنے سے نہیں روک سکتی۔ افسوس کی بات ہے کہ آج غریب کا پاکستان اور ہے اور امیر کا اور، غریب کے لئے انصاف کے دروازے بند ہیں اور امیر کی چوکھٹ پر انصاف خود جاکر سلام کرتاہے۔ غریب اورامیر کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اب بھی وقت ہے کہ ہم سب سنبھل جائیں اور ہوش کے ناخن لیں۔ ملکی مفادات کو ترجیح دیں۔ حالات ہاتھ سے نکل گئے تو پھر پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔ مجھے یقین ہے کہ علامہ اقبالؒ کے پیغام کو عام کرکے اوران کے افکار پر عمل کرکے ملک کو آگے لے کر جایا جا سکتا ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم اقبالؒ کے پیغام کو کونے کونے میں پھیلائیں گے اور وہ دن دور نہیں جب ملک حقیقی معنوں میں قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنے گا۔ ایک ایسا اسلامی و فلاحی پاکستان جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا۔ اقبالؒ کا پیغام خود ی اورخود انحصاری کا ہے اور اگر ہم اقبالؒ کے اس پیغام پر عمل کرتے ہوئے اجتماعی کوششوں اور مشترکہ سوچ اپنا لیں تو ملک وقوم کو بحرانوں سے نکالا جا سکتاہے۔ وفاقی حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اقبالؒ کی سوچ پر عمل کریں تو پاکستان کو قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے جرمنی میں ان کے کوآرڈینیٹر شاہد ریاض گوندل نے ملاقات کی اور ان سے جرمنی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور وزیراعلیٰ کے دورہ جرمنی کے نتیجے میں سامنے آنے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے شاہد ریاض گوندل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے حالیہ دورہ جرمنی کو کامیاب بنانے میں ان کا نمایاں کردار رہا ہے۔ شاہد ریاض گوندل نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا حالیہ دورہ برلن کئی حوالوں سے کامیاب رہا ہے۔