غربت اور جہالت سے انتہا پسندی جنم لیتی ہے ‘ ان کے خلاف لڑتے رہیں گے: زرداری
اسلام آباد (سپیش رپورٹ+اے پی پی) صدر زرداری نے کہا ہے کہ بچوں کو تعلیم دینے کا فرض ادا نہ کیا تو تاریخ معاف نہیں کریگی، غربت، جہالت شدت پسندی کو جنم دیتی ہے، وسیلہ تعلیم پروگرام کے ذریعے معذور بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں، غربت اور جہالت کے خلاف جنگ کرتے رہیں گے، حکومت شدت پسندی سے متاثرہ علاقوں میں شدت پسند ذہنیت کیخلاف طویل المیعاد حکمت عملی کے طور پر تعلیم کے فروغ کو بنیادی ترجیح دے رہی ہے، شدت پسند ذہنیت ہی ہماری مشترکہ دشمن ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں عالمی برادری کی امداد کی فراہمی پر شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ”وسیلہ تعلیم“ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ صدر نے کہا کہ تعلیم کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ کوئی بھی ملک اپنے انسانی سرمائے میں بہتری لائے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، انہوں نے کہا کہ جہالت اور غربت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، غربت جہالت سے مل کر شدت پسندی اور انتہا پسندی کو جنم دیتی ہے اس لئے ہمیں مل کر جہالت کیخلاف جنگ کرتے ہوئے غربت اور شدت پسندی سے نمٹنا ہوگا۔ آئینی ترامیم کے ذریعے اب تعلیم کو بنیادی حقوق میں شامل کر دیا گیا ہے انہوں نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ہر بچے کے سکول میں داخلے کو یقینی بنانے کے لئے آگے آئیں ہم گورڈن براﺅن کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت 30 لاکھ بچوں کو تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے۔ اس پروگرام کی کامیابی ہمارا ہدف ہے ناکامی نہیں چاہتے۔ سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براﺅن نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملالہ یوسف زئی سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان آیا ہوں، وہ صحت مند ہیں اور وہ اپنے پاﺅں پر کھڑی ہو سکتی ہے، عالمی برادری بچوں کی تعلیم کیلئے ہر ممکن تعاون کریگی، 2015ءتک ہر بچے کو تعلیم سے آراستہ کرنا اور تعلیم کے حصول میں مدد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر گورڈن براﺅن نے صدر کو ایک پٹیشن کی جس پر ملالہ کے ساتھ یکجہتی کے لئے دس لاکھ لوگوں کے دستخط موجود ہیں صدر نے بھی تقریب کے دوران اس پٹیشن پر دستخط کئے۔ فرزانہ راجہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان غربت اور دہشتگردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے، پاکستان میں 90 لاکھ بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں ان بچوں کو تعلیم سے بہرمند کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق تقریب سے قبل صدر نے گورڈن براﺅن سے ایک علیحدہ ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر زرداری نے کہا کہ حکومت ملک میں اور خصوصاً شدت پسندی سے متاثرہ علاقوں میں شدت پسند ذہنیت کیخلاف گورڈن براﺅن نے صدر کو اقوام متحدہ کے ایجوکیشن فرسٹ کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بریفنگ دی۔