پاکستان کیخلاف کرکٹ سیریز شیڈول کے مطابق ہو گی : بھارت
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو دورہ بھارت کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ بال ٹھاکرے سمیت کسی کی دھمکیاں کوئی اہمیت نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیریز کے لئے زیادہ سے زیادہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزوں کا اجرا کرنے کی کوشش کرینگے تاہم ان ویزوں کی تعداد کتنی ہوگی اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور کے دورہ کے بعد چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام میچ شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے، ویزوں کا فیصلہ آنے والے وقت میں کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ پاکستانی شائقین بھارت جاکر میچ دیکھیں۔ شرت سبھروال کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے کیونکہ کھیل ملکوں کے تعلقات میں بہتری لائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کہا کہ سیریز دونوں ملکوں کے عوام کے لئے اچھی خبر ہے۔ بھارتی ہائی کمشن نے ویزے جاری کرنے کی رضامندی ظاہر کی ہے، پاکستانی شائقین جو بھارت جانا چاہتے ہیں انہیں خوشخبری سنائیں گے، پاکستان بھارت کرکٹ کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور اس کرکٹ سیریز سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہوں گے ۔پنجاب سپورٹس بورڈ اور کرکٹ بورڈ میں بہت فرق ہے مجھے پوری امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان میں کسی بھی شہر میں کرکٹ مقابلے ہونگے پنجاب حکومت مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ برٹش آرمی اور پاکستان آرمی کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کرکٹ میچز کھیلے گئے ہیں سکیورٹی کا ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے انشااﷲ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید حالات میں بہتری آ جائے گی۔ ذکاءاشرف نے کہا کہ 2012ءاور 2013ءکے دوران پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی۔