• news

ملالہ پر حملے سے انتہا پسندی کی لعنت کیخلاف لڑائی کیلئے عوام کا عزم مزید مضبوط ہوا: دفتر خارجہ

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے ملالہ یوسفزئی کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملالہ پر اس المناک حملے سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کی لعنت کے خلاف لڑائی کے لئے پاکستانی عوام کا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں حکومت نے ملالہ یوسفزئی اور بچیوں کی تعلیم کی حمایت میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ریڈیو پیغام کا بھی خیر مقدم کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تعلیم کے لئے ہر بچی کے حق کی حمایت کرتا ہے‘ بیان میں ملالہ پر حملے کی شدید مذمت اور ملالہ کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت حملے کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے تمام کوششیں کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن