• news

پاکستانی سیاستدانوں میں سے کوئی بھی غدار یا باغی نہیں‘ بابر اعوان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق وفاقی وزیر قانون و انصاف ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کسی سیاست دان یا فوجی کے خلاف بغاوت‘ غداری و نااہلی کا مقدمہ قائم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست دانوں میں سے کوئی غدار نہیں اور اگر کوئی کسی کو غدار یا باغی کہے تو یہ ذہنی پستی کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کے خلاف 1990 کے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے کارروائی کا اختیار آئین کے آرٹیکل 225 کے مطابق صرف الیکشن کمشن آف پاکستان کو حاصل ہے۔1973ءکے آئین کے باب نمبر2 میں واضح طور پر درج ہے ہر انتخابی تنازعہ ایکٹ آف پارلیمنٹ کے مطابق پٹیشن کی صورت میں ٹریبونل کے روبرو زیر سماعت ہوسکتا ہے۔ اس لئے منفی ون یا منفی ٹو فارمولہ انتخابات کو بے معنی بنا دے گا۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں کوئی ایسا قانون موجود نہیں جہاں لین دین کے الزام کے تحت کسی سیاست دان پبلک آفس کے لئے نااہل قرار دیا جاسکے۔

ای پیپر-دی نیشن