علامہ اقبالؒ کا فلسفہ خودی اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہے: پرویز مشرف، الطاف
لاہور/ کراچی (ثنا نیوز/ نوائے وقت نیوز) سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد پرویز مشرف اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبالؒ کی یوم ولادت پر اپنے الگ الگ پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کا فلسفہ خودی اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔ الطاف حسین نے کہا ہے کہ علامہ اقبال انسانوں کے درمیان طبقاتی تفریق کے خاتمے اور انصاف و مساوات پر یقین رکھتے تھے۔ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ نے اپنے کلام کے ذریعے محروم و مظلوم عوام کو ظلم و جبر کے نظام کے خلاف عملی جدوجہد اور قومی خودداری کے لئے فکر و عمل کا درس دیا ہے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ شاعر مشرق اور مفکر اسلام علامہ اقبال کی بصیرت افروز شخصیت سے صرف برصغیر کے مسلمان ہی مستفید نہیں ہوئے بلکہ انہیں تمام مسلم اور غیرمسلم اقوام بھی اپنا ترجمان اور مفکر مانتی ہیں۔ علامہ اقبال کی زندگی کے تمام پہلو روشن ہیں اور ہمارے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔