پاکستانی ڈرون ہتھیار لے جانے کی صلاحیت نہیں رکھتے‘ فضائی نگرانی کیلئے استعمال ہو رہے ہیں: وزیر دفاع
کراچی (نوائے وقت نیوز/ ثنا نیوز) وزیر دفاع نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف ممالک کو چھوٹے ہتھیار برآمد کر رہا ہے۔ اب ہم بڑے ہتھیار بھی فروخت کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ آئیڈیاز 2012ءکے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کرنے والے ملکوں میں شامل ہوگیا ہے جب ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کرلی ہے تو اس میں ترقی کرتے جائیں گے۔ پاکستانی ڈرون طیاروں میں ہتھیار لے جانے کی صلاحیت ہیں۔ پاکستانی ڈرون فضائی نگرانی اور تحقیقی مقاصد کیلئے استعمال ہورہے ہیں۔ نمائشوں کے ذریعے ہم دیگر ممالک کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے پاس ڈرون ٹیکنالوجی ابتدائی مراحل میں ہے ۔ فی الوقت مسلح افواج اس ٹیکنالوجی کو فضائی نگرانی کے لئے استعمال کررہی ہیں۔ دفاعی ہتھیاروں کی نمائش فوج کی ضرورتو ں کو پورا کرنے اور دنیا بھر میں اسلحہ سازی کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ پاکستان میں دفاعی ہتھیار سازی روایتی طور پر سرکاری اداروں میں کی جاتی ہے تاہم اب نجی شعبے کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔