• news

شہباز شریف جیسا لیڈر ہمارے پاس ہوتا تو سری لنکا بہت پہلے ڈینگی پر قابو پا چکا ہوتا


لاہور (نیوز رپورٹر) ایوان اقبال میں ہونے والی بین الاقوامی ڈینگی کانفرنس میںسری لنکا کے ماہرین کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر فرنینڈو نے کہا کہ گذشتہ برس ڈینگی کے باعث لاہور میں خوف و ہراس پھیلا ہوا تھا لیکن وزیراعلیٰ نے جس طرح قائدانہ کردار ادا کیا اس کے بعد ہم یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ پہلے ہم یہاں سکھانے آئے تھے اور اب یہ سیکھنے آئے ہیں کہ کس طرح اتنی مختصر مدت میں پنجاب والوں نے ڈینگی پر م¶ثر قابو پایا۔ تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون ماہر ڈاکٹر سچترا جنہیں عالمی سطح پر ”ملکہ ڈینگی“ کہا جاتا ہے نے کہا کہ پاکستانی واقعی ایک حوصلہ مند قوم ہیں۔ ڈینگی کے خلاف جنگ میں کامیابی پر شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور سرکاری ملازمین نے آزمائش کی گھڑی میں دن رات کام کر کے ثابت کیاکہ اہل پنجاب بڑی سے بڑی مشکل کے سامنے ڈٹ سکتے ہیں۔ سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم نے کہا کہ جب ہسپتال ڈینگی کے مریضوں سے بھرے پڑے تھے تو وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پہلی بار حکومتی مشینری نے روایتی طریقہ اپنانے کی بجائے خدمت کے جذبے سے کام کیا۔ ڈینگی مہم کی چیف موبلائزر بیگم شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ عوام میں آگاہی پیداکرنے کےلئے وزیر اعلیٰ نے ہمیں جو ذمہ داری سونپی اس پر ہم ان کے ویژن کا حصہ ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ وزیر اعلیٰٰ کی بصیرت افروز قیادت نے ناممکن کو ممکن بنا دیا۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ناصر خان درانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خود سوتے تھے نہ ہمیں سونے دیتے تھے لیکن ان کے جاگنے سے کئی افراد موت کی نیند سونے سے بچ گئے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ نے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

ای پیپر-دی نیشن