بین الاقوامی ڈینگی کانفرنس کی جھلکیاں
٭ وزیراعلی محمد شہباز شریف ڈینگی کانفرنس کے افتتاح کے لئے جب ایوان اقبال پہنچے تو انہوں نے سب سے پہلے مختلف اداروں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا معائنہ کیا۔
٭ وزیراعلی کا ہال کے اند رپہنچنے پر شرکاءنے والہانہ انداز میں کھڑے ہو کر استقبال کیا۔
٭ محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ جن افراد کو انسداد ڈینگی مہم میں اچھی کارکردگی پر سرٹیفکیٹ دیئے گئے ہیں وہ قوم کے ہیرو ہیں۔
٭ وزیراعلی نے سری لنکا، انڈونیشیا، سنگاپور اور تھائی لینڈ کے ماہرین کے تعاون کو زبردست انداز میں سراہا اور ان کا اور ان کی حکومتوں کا شکریہ اداکیا۔ انہوںنے ہال کے شرکاءسے غیرملکی محسنوں کیلئے بھرپور تالیاں بجانے کیلئے درخواست کی۔
٭ وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت تمام مقررین نے مرحوم سیکرٹری ماحولیات سعید اقبال واہلہ کی خدمات کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا۔
٭ وزیراعلی نے اپنے خطاب میں جنرل ہسپتال کی اس نرس کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جس نے ڈینگی بخار ہونے کے باوجود اپنی ڈیوٹی جاری رکھی اور موت کا شکار ہو گئی۔
٭ وزیراعلی نے بتایا کہ جب سری لنکا کے ماہرین نے مجھے علیحدگی میں بلا کر کہا کہ لاہور میں تاریخ کا ڈینگی کا سب سے بڑا حملہ ہواہے تو مجھے ساری رات نیند نہ آئی۔
٭ محمد شہباز شریف کی اس بات پر محفل کشت زعفران بن گئی کہ سری لنکن ماہر ڈاکٹر فرنینڈو کی شادی ڈینگی سے ہوئی ہے اور وہ ہسپتال میں رہ کر ہی مریضوں کی خدمت کرتے ہیں۔
٭ بیگم شائستہ پرویز ملک نے وزیراعلی کو رضاکاروں کا سرپرست ہونے کی بنا پر رضاکار کا کارڈ پیش کیا جبکہ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے وزیراعلی کو ڈینگی سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
٭ خواجہ سلمان رفیق گزشتہ برس مریضوں کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ شہباز شریف نہ ہوتے تو خدانخواستہ کئی ہزار افراد موت کے منہ میں چلے جاتے۔
٭ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے جب از راہ تفنن یہ کہا کہ شہباز شریف خود سوتے ہیں نہ ہمیں سونے دیتے ہیں تو وزیراعلی مسکرا دیئے۔
٭ وزیراعلی نے سابق سیکرٹری ماحولیات پنجاب اور موجودہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سجاد سلیم ہوتیانہ کو سٹیج پر بلا کر ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سابق سیکرٹری صحت جہانزیب خان کی بھی زبردست تعریف کی۔