• news

ایران کو کسی قیمت پر بھی ایٹمی ہتھیار بنانے نہیں دینگے: برطانوی وزیراعظم

لندن (خصوصی رپورٹ/ خالد ایچ لودھی) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ ایران کو کسی قیمت پر بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خلیجی ریاستوں کے تین روزہ دورے کے دوران انہوں نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران مختلف بیانات میں ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں اسلحہ کی دوڑ کو ہر حالت میں روکا جائے گا۔ اس ضمن میں ایران کے ایٹمی پروگرام کو روکنا ضروری ہے لیکن دوسری جانب خود وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے خلیجی ریاستوں کو برطانوی اسلحہ اور فوجی سازو سامان کی فروخت کے سلسلے میں برطانوی ساخت کے جدید جنگی جہاز بی اے ای ٹائفون جیٹ کی فروخت کا معاہدہ بھی طے کیا ہے جسکے تحت برطانیہ ان ممالک کو 100کے قریب جنگی جہاز فراہم کریگا ان جنگی جہازوں کی مالیت 6 بلین برطانوی پاﺅنڈ بنتی ہے۔ برطانوی اسلحہ کی خلیجی ریاستوں کو فروخت پر برطانیہ میں سخت تنقید پائی جا رہی ہے۔ غیر جمہوری ممالک کو اسلحہ کی فروخت پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ ہر ملک کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن