• news

پاکستان کو سب کے مفاد کے لئے دہشت گردوں سے لڑنا چاہئے : کرزئی‘ افغان صدر بھارت پہنچ گئے

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) افغانستان کے صدر حامد کرزئی پانچ روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے۔ یہاں وہ بھارتی حکام کے ساتھ علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ کابل کے بارے میں ایک سرمایہ کاری سربراہی اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا افغان صدر ممبئی میں ہونے والے سرمایہ کاری سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پاکستان، افغانستان اور ایران کے لئے بھارتی سیکرٹری وائی کے نے بتایا اجلاس میں سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مزید برآں ٹی وی چینل کو انٹرویو میں افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ملالہ یوسف زئی پر حملہ کرانے والے مولانا فضل اللہ نے پاکستان میں تربیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا مولانا فضل اللہ اگر افغانستان میں ہے تو وہ پاکستان ہی سے آیا۔ پاکستان کو سب کے مفاد کیلئے دہشت گردوں سے لڑنا چاہئے۔ ملالہ پر حملہ کرنے والے اسے پھر مارنے کی کوشش کریں گے۔آئی این پی کے مطابق حامد کرزئی نے کہا وہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ کرنے والے عسکریت پسندوں کا جن کے بارے میں خیال ہے وہ افغانستان میں روپوش ہیں، پیچھا کریں گے، انتہا پسندی کے خلاف جنگ پاکستان اور افغانستان سمیت پوری دنیا کے مفاد میں ہے، دہشت گردی سانپ کی طرح ہے جو کسی کو بھی ڈس سکتا ہے، مستقبل میں افغان امریکہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان کا اہم اتحادی ہے اور وہ چاہتے ہیں امریکہ افغان دشمنوں کو امداد دینے والے ذرائع کے خلاف کارروائی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن