پوٹن کے بعد روسی محکمہ انسداد منشیات کے سربراہ کا دورہ بھی منسوخ‘ صورتحال باعث اضطراب ہے‘ مستقبل کے پاکستان ‘ روس تعلقات پر سوالیہ نشان لگ گیا: پاکستانی عہدیدار
اسلام آباد (آن لائن)روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے بعد روس کے فیڈرل ڈرگ کنٹرول سروس کے سربراہ وکوایوانوف نے اپنا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے سینئر عہدیدار نے روس کے انسداد منشیات کے اعلی عہدےدار کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اعلی عہدیدار کے دورہ کی منسوخی اسلام آباد کے لئے اضطراب کا باعث ہے جس سے مستقبل میں اسلام آباد اور ماسکو کے تعلقات پر سوالیہ نشان بن گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وکتورایونوف کا دورہ پاکستان 11 سے13 نومبر کے دوران طے تھا اور اس دوران انہوں نے انسداد منشیات کی عالمی کانفرنس میں شرکت کرنا تھی لیکن آخری وقت میں روسی عہدیدار کے دورہ کی منسوخی سے متعلق دفتر خارجہ کو پیغام موصول ہوا۔وزارت داخلہ اور انسداد منشیات کی وزارتوںنے روسی عہدیدار کی پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے شیڈول کو بھی حتمی شکل دے دی تھی ۔