پاکستان قانون شہادت تبدیل، ممبئی حملہ کے ملزموں کے وائس سیمپل جلد دے: بھارت
نئی دہلی (آن لائن+ اے این این) بھارت نے پاکستان سے قانون شہادت میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے ممبئی حملوں کے سات ملزمان کے ”وائس سیمپل“ فراہم کئے جائیں‘ پاکستان بھارت ویزا معاہدے کو فعال کرنے کیلئے رحمن ملک کے مجوزہ دورہ بھارت کی تاریخ کا ابھی تعین نہیں ہوا۔ نئی دہلی میںصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے کہا میں نے اپنے پاکستانی ہم منصب رحمن ملک سے انٹرپول کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں یہ معاملہ اٹھایا ہے کہ ذکی الرحمن لکھوی سمیت ممبئی حملوں کے سات ملزمان کی آوازوں کے نمونے فراہم کئے جائیں اور امید ہے وائس سیمپل جلد ہمیں مل جائیں گے۔ اس حوالے سے پاکستان کا محکمہ قانون بھارتی محکمہ قانون سے رابطہ کرکے معلومات فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا ہمیں بتایا گیا ہے حکومت پاکستان نے راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے درخواست کی ہے۔ ممبئی حملوں کے ملزمان کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے۔ ہم نے پاکستان سے ممبئی حملوںکے دیگر ملزمان کیخلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاست کو کھیل میں ملوث نہیںکرنا چاہئے۔ وزارت داخلہ کھلاڑیوں اور دیگر لوگوں کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔کرکٹ سیریز سے باہمی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ ذرائع کے مطابق بھارت کو ممبئی حملوں کے مبینہ ملزموں کی آوازوں کا نمونہ دینے کیلئے پاکستان کو اپنے قانون شہادت میں تبدیلی کرنی پڑے گی۔ پاکستانی قانون میں کسی دوسرے ملک کو ملزموں کے وائس سیمپل دینے کی اجازت نہیں ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی ہے رحمن ملک رواں ماہ کے اواخر میں دورہ نئی دہلی کے دوران مشتبہ ملزمان کی آواز کے نمونے اپنے ساتھ لائیں گے۔