جموں کو الگ کرنے کے لئے گجرات اور آسام طرز کے فسادات کی سازش کی جا رہی ہے: علی گیلانی
سرینگر (کے پی آئی) حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت جموں صوبے کو کشمیر سے الگ کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لئے گجرات اور آسام طرز کے مسلم کش فسادات بھڑکانے کی ایک منصوبہ بند سازش تیار کی گئی ہے تاکہ یہاں کے مسلمانوں کا 47 ءکی طرح ایک اور قتل عام کیا جاسکے یا انہیں ہجرت کرنے پر مجبور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شرائن بورڈ کے منصوبوں کے حوالے سے ہمارے کچھ جائز تحفظات کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ ہم کبھی بھی یاترا کے خلاف نہیں رہے ہیں اور کشمیریوں نے 2008ءاور 2010ءکی عوامی تحریک کے دوران بھی یاتریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہیں پہنچنے دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جموں مسلمانوں کو یرغمال بنادیا گیا ہے اور انہیں فوج، پولیس اور فرقہ پرستوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے یہاں مندروں میں غیرریاستی پراسرار لوگ ڈیرہ جما رہے ہیں اور یہاں ہتھیار وغیرہ ذخیرہ کئے جارہے ہیں۔