• news

پریذیڈنٹ کرکٹ ٹرافی: سوئی نادرن گیس‘ نیشنل بنک کی ٹیمیں کامیاب

راولپنڈی+لاہور (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیراہتمام پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ چھٹے مرحلے کے میچ میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کو اننگز اور 216 رنز سے ہرا دیا۔ یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کی ٹیم ایس این جی پی ایل کی پہلی اننگز کی 290 رنز کی برتری کے تعاقب میں 16.3 اوورز میں صرف 74 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد حفیظ 193 اور مصباح الحق 109 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسد علی نے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نیشنل بینک آف پاکستان نے سٹیٹ بینک کو ایک اننگز اور 31 رنز سے ہرا دیا۔ پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے والی سٹیٹ بینک کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکی اور پوری ٹیم 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محتشم علی 28، عدنان رئیس 21 اور فرحان خان20 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ وہاب ریاض نے میچ میں 10 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ای پیپر-دی نیشن