مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر بے روزگاری کا خاتمہ کریگی: حمزہ شہباز
چیچہ وطنی (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) برسراقتدار آکر بیروزگاری کا خاتمہ کرے گی۔ حلقہ این اے 162پر پورے ملک کی نظریں ہیں۔ اس لئے کارکن مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری زاہد اقبال کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔ حمزہ شہبازشریف نے سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب چودھری جعفر اقبال کے ہمراہ چیچہ وطنی ریسٹ ہاﺅس میں مقامی، ضلعی عہدیداروں اور ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے آج تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں تھامے ملازمت کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) ملک کو درپیش بحرانوں سے نجات دلائے گی۔ اس موقع پر پیر احسان الحق ادریس، سینئر نائب صدر ضلعی چودھری امجد ظفر، معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب چودھری محمد ارشد، سابق تحصیل ناظم چودھری محمد طفیل، صنعتکار حاجی محمد ایوب اور محمد سعید اکبر کھیرا بھی موجود تھے۔