وزارت داخلہ کا متنازعہ بیان: خصوصی کشمیر کمیٹی کا اہم اجلاس کل ہو گا
اسلام آباد (ثناءنیوز) پارلیمینٹ کے دونوں ایوانوںپر مشتمل خصوصی کشمیر کمیٹی کا اہم اجلاس وزارت داخلہ کے سپریم کورٹ میں بلوچستان امن و امان کیس میں مسئلہ کشمیر سے متعلق دیرینہ قومی موقف سے انحراف پر مبنی جمع کرائے گئے متنازعہ بیان کے معاملے پر کل منگل کو اسلام آباد میں ہوگا ۔ سیکرٹری داخلہ کی طلبی کیلئے انہیں نوٹس جاری ہو چکا ہے۔ خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام کو ہر صورت کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت خارجہ‘ وزارت کشمیر امور کے حکام کو بھی بلایا لیا گیا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے اس معاملے پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور متنازعہ بیان سے دستبرداری کے لئے دباﺅ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کشمیر کمیٹی میں اپوزیشن کی بڑی جماعت کے ارکان کی تعداد چھ ہے مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں حکومت سے اس کی کارکردگی کے بارے میں پوچھا جائے گا۔