مانانوالہ: مقدمہ بازی پر محنت کش کو گولی مار کر زخمی کر دیا: کان کاٹ کر بال، مونچھیں بھی مونڈ ڈالیں
مانانوالہ (نامہ نگار) مقدمہ بازی کی رنجش پر 5افراد نے فائرنگ کر کے محنت کش کو شدید زخمی کر دیا۔ استرے سے ابرو کے بال اور مونچھیں مونڈ دیں۔ ایک کان کاٹ دیا۔ بتایا گیا ہے کہ نواحی گاﺅں دوآبیانوالہ کے محمد نواز اور ارشاد کے درمیان عرصہ دراز سے مقدمہ بازی چلی آ رہی ہے۔ اسی رنجش پر گذشتہ روز ملزم ارشاد نے اپنے دیگر ساتھیوں ریاض، احسان وغیرہ کے ہمراہ محمد نواز کو شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور استرے سے اس کا ایک کان کاٹ دیا اور ابروئیں اور مونچھیں بھی مونڈ ڈالیں۔ مضروب محمد نواز کو لاہور کے ایک ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ملزم نواز کی جیب سے 3600روپے، دو موبائل و دیگر سامان بھی نکال کر لے گئے۔