سفارش پر قانونی مشیروں کا تقرر، ایل ٹی سی کو کروڑوں کا نقصان
لاہور (اپنے نمائندے سے) لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی میں مختلف ذرائع سے سیاسی اور بیوروکریسی کی سفارشوں پر تعینات قانونی مشیروں کی ”فوج“ سفید ہاتھی بن گئی جس کی وجہ سے ایل ٹی سی کو سالانہ کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہو رہا ہے جبکہ ان کو بھاری مشاہرے کے علاوہ متنازعہ ٹی اے ڈی اے سے بھی نوازنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ قانونی مشیروں کی کنٹریکٹ پر بھرتی کے وقت قوائد و ضوابط اور میرٹ کی بجائے صرف ذاتی تعلقات کو اہمیت دی گئی اور ان میں سے کئی کا کنٹریکٹ بھی مکمل نہیں اور یہ مسلسل کمپنی پر مالی بوجھ بنے ہوئے ہیں اس حوالے سے ایل ٹی سی کے حکام کا کہنا ہے کہ ان پر سالانہ بہت زیادہ اخراجات نہیں اور جن کا کنٹریکٹ نہیں انہیں فارغ کیا جا رہا ہے۔