لاکھوں کے ڈاکے‘ چوریاں‘ شہری نقدی‘ زیورات سے محروم‘ ڈرائیور کار سمیت اغوائ
لاہور (نامہ نگاران) شیخوپورہ، قصور، ننکانہ اور نواحی علاقوں سے ڈکیتی چوری کی مختلف وارداتوں میں شہری لاکھوں نقدی، زیورات اور موٹر سائیکلوں سے محروم، کار سمیت ڈرائیور کو اغواءکر لیا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق تھانہ سٹی اے ڈویژن کے علاقہ صلاح الدین روڈ پر واقع تحریک تحفظ پاکستان کے چیئرمین ثمر اقبال ڈار کے گھر سرشام داخل ہو کر 3 ڈاکوﺅں نے گن پوائنٹ پر اہلخانہ سے ڈیڑھ تولہ طلائی زیورات، 7 لاکھ روپے نقدی اور موبائل فونز چھین لئے۔ صفدرآباد سے نامہ نگار کے مطابق شاہ کوٹ روڈ پر ڈاکوﺅں نے ٹیکسی کار چھین کر ڈرائیور کو بھی اغوا کر لیا۔ میاں محمد طارق کی ٹیکسی کار پر بھولا ڈرائیور فیصل آباد سے واپس آ رہا تھا شاہ کوٹ روڈ پر ڈاکوﺅں نے روک لیا اور ڈرائیور سمیت کار لے کر فرار ہو گئے۔ ڈاکو جاتے ہوئے ایک کار چھوڑ گئے۔ جنڈیالہ شیر خان سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ شہراز گارڈن کے قریب سے زوہیب کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی۔ شاہ کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق محلہ ماڈل ٹاﺅن میں 5 ڈاکو شاہد افتخار کے گھر زبردستی گھس کر اہلخانہ سے 5 لاکھ 60 ہزار روپے کی نقدی، لیپ ٹاپ، 2 موبائل فونز اور ایک کلائی گھڑی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ چھانگا مانگا سے نامہ نگار کے مطابق بھوئے آصل کا دودھ فروش مقصود احمد موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ لنڈا پھاٹک کے قریب ڈاکوﺅں نے 2700 نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا۔ بچیانہ سے نامہ نگار کے مطابق چک 560 گ ب کے قریب کار سواروں نعیم، کلیم اللہ، عدیل اور عارف سے اٹھارہ ہزار روپے نقدی اور پانچ موبائل فون چھین لئے گئے۔