ٹچ بال مقابلوں کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات
لاہور (سپورٹس رپورٹر) خواتین کے درمیان ٹچ بال مقابلوں کے اختتام پر نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان تھے۔ اس موقع پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کو ٹرافی او رگولڈ میڈل، ایرانی ٹیم کو سلور میڈلز اور رنراپ ٹرافی جبکہ افغانستان کی ٹیم کو برونز میڈل پہنائے گئے۔ اس موقعہ پر ڈی جی سپورٹس عثمان انور بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں رانا مشہود نے کہا کہ یوتھ فیسٹول میں غیرملکی ٹیموں کی شرکت نے پاکستان میں انٹرنیشنل ایونٹس کے لئے راستے ہموار کر دئیے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں جلددیگر بین الاقوامی کھیلوں کا بھی انعقاد ہو گا کیونکہ اس مقصد کے لئے ہم نے دن رات محنت کی ہے۔ یوتھ فیسٹیول کی کامیابی سے متاثر ہو کر بھارت اور آسٹریلیا نے بھی ایسے ہی ایونٹ کا انعقاد کرانے کا اعلان کر دیا ہے جو ہماری کامیابی کا منہ بولتا ثبوت اور قابل فخر بات ہے۔ آخر میں انہوں غیرملکی ٹیموں کا پاکستان آمد پر شکریہ ادا کیا۔