ناقص طرز حکمرانی‘ یورپی یونین نے افغانستان کی امداد معطل کر دی
کابل (اے ایف پی) یورپی یونین نے افغانستان کی حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد میں ناکامی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے امداد معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین نے خبردار کیا ہے کہ افغان حکومت کو امداد کی فراہمی اصلاحات سے مشروط ہو گی، نظام انصاف کی اصلاحات کیلئے 25ملین ڈالر کی امداد کی ادائیگی موخر کر دی گئی ہے کیونکہ نظام انصاف کے معاملہ میں کسی قسم کی پیشرفت دیکھنے میں نہیں آئی۔ یورپی یونین کے سفیر یوسیکس نے مستعد اور مﺅثر گورننس کے سلسلہ میں 60ملین یورو کے فنانسنگ معاہدہ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب یورپی یونین نے افغانستان کی مدد کرنے کا عزم کر رکھا ہے اس کے ساتھ ہی وہ اس امر سے آگاہ ہے کہ ٹوکیو سمجھوتے کی روح کے مطابق افغان حکومت کو امداد کی فراہمی متفقہ اصلاحات کے ایجنڈے سے مشروط ہو گی اس موقع پر افغانستان کے وزیر خزانہ عمر ذکی وال بھی موجود تھے۔