رینٹل پاور کیس : اشتہار بازی پر کار کے کمپنی کو نوٹس جاری‘ حکومت فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائے : سپریم کورٹ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ میں رینٹل پاور عملدرآمد کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں ہوئی۔ سپریم کورٹ نے اخبارات میں اشتہار بازی پر کارکے کمپنی کو نوٹس جاری کر دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دےئے کہ کارکے کی جانب سے کوئی عدالت میں پیش نہیں ہو رہا۔ کارکے کی جانب سے اشتہارات شائع کرائے جا رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے اٹارنی جنرل کو بھی ہدایت کر دی۔ درخواست گزار فیصل صالح حیات نے کہا کہ صرف 17.2 ملین ڈالر کی رقم وصول کر کے باقی چھوٹ دیدی گئی۔ کارکے کے ذمے 240 ملین ڈالر واجب الادا ہیں۔ عدالتی حکم کے بعد نیب کے پاس کارکے کے ساتھ پلی بارگین کا اختیار نہیں تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کارکے کو فیصلہ ہونے سے قبل ہی 14 فیصد ادائیگی کر دی گئی۔ اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا تھا کہ ایڈوانس رقم کی ادائیگی 7 فیصد ہو گی یا 14 فیصد۔ رینٹل پاور عملدرآمد کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔