لیپ ٹاپ دینے کی تقریب کی جھلکیاں20 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کی شرکت
لاہور (فرخ سعید خواجہ + اویس قریشی)
٭ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کی ہاکی سٹیڈیم میں آمد کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات تھے وی آئی پیز کو بھی تلاشی لینے کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ ٭ محمد نواز شریف کی آمد پر اور خطاب کیلئے سٹیح پر آتے ہوئے ہزاروں طلبہ و طالبات نے کھڑے ہو کر نعروں سے انکا بھرپور استقبال کیا۔ ٭ تلاوت قرآن پاک اور نعت شریف کی سعادت پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم حافظ طیب عمر علی اور منیبہ اعجاز نے حاصل کی۔ ٭محمد نواز شریف نے متعدد بار نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ قوم کا مستقبل ہیں ہم نے قوم کے نونہالوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ وفاقی حکومت نے قانون اور آئین توڑنے والوں کو گارڈ آف آنر دیا جس پر طلبا کافی دیر تک تالیاں بجاتے رہے۔ ٭ متعدد طلبہ کو محمد نواز شریف نے تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ ٭ چھولو آسمان کے نغمہ کے موقع پر نوجوان طلبہ و طالبات بھی ساتھ ملکر گاتے رہے۔ ٭ 20 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔