کراچی اور کوئٹہ کے حالات انتہائی سنگین ہوچکے ہیں: شاہ محمود قریشی
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کراچی اور کوئٹہ کے خراب تر حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قدر سنگین صورتحال لمحہ فکریہ ہے، حکمران ہوش کریں اور ملک کے سب سے بڑے صنعتی شہر میں آئے روز قتل غارت گری اور لوٹ مار کا بازار گرم ہونا ہر طرف بریک ڈاﺅن کی نشاندہی کرتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین امن و امان میں مکمل ناکامی کے باعث حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اقتدار کی حلیف جماعتوں کا یہ مطالبہ حکمرانوں کے لئے سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معاشی ترقی کا انحصار جس شہر پر ہے اور جہاں سے روزانہ کروڑوں روپے ریونیو اکٹھا ہوتا ہے، وہاں پر تاجر برادری کو تحفظ فراہم نہ کرنا اور بھتہ مافیا کا راج ہونا کہاں کی دانشمندی ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس دکھائی دیتے ہیں اور روزانہ درجنوں افراد کو موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ترقی کا دعویٰ کیسے کیا جاسکتا ہے۔