شوکت خانم ہسپتال میں بلا امتیاز طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں: عمران خان
لاہور(نیوزرپورٹر)شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال ا ورریسرچ سنٹرکا 11واں سالانہ سہ روزہ انٹرنیشنل کینسر سمپوزیم گزشتہ روز اختتام پذیر ہوا ۔ اس سمپوزیم کے دوران نامور ڈاکٹرز کی زیر صدارت ، میڈیکل کے مختلف شعبوں پر کئی سیشنز منعقد ہوئے اور تقریباً 150ملکی اور غیر ملکی ماہرین طب نے اپنے مکالے پڑھے، اپنی ریسرچ کے پیش نظر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور خصوصی سیشنز کے دوران حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے۔اس سال سمپوزیم میں 1500 سے زائدملکی و غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی جن میں امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے طبی ماہرین بھی شامل تھے۔ عمران خان ، چیئر مین بورڈ آف گورنرز ،شوکت خانم میموریل ٹرسٹ ،اس سمپوزیم کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا یہ ادارہ پچھلے 15سال سے اس سمپوزیم کا انعقاد کامیابی سے کررہا ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد اس میں حصہ لیتی ہے جو کہ اس ادارے کی بہترین کا رکردگی اور شہرت کی عکاس ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ آج یہ ہسپتال دنیا کے بہترین ہسپتالوں میں شمار ہوتا ہے اور اس کی وجہ یہاں لوگوں کو بلا امتیاز بہترین طبی سہولیا ت کی فراہمی ہے اس موقع پر ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر فیصل سلطان اور سمپوزیم آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عارف جمشید نے بھی خطاب کیا۔