پولیو مہم، ناقص کارکردگی پر ای ڈی او اور ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کیخلاف کارروائی ہو گی: ڈی سی او
لاہور (سٹاف رپورٹر) ڈی سی او نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ اگر انسداد پولیو مہم میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا تو ای ڈی او (ہیلتھ) اور ڈسٹرکٹ آفیسر (ہیلتھ ون) کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نورالامین مینگل نے کہا کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم میں 100فیصد ٹارگٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ عدم اطمینان کی رپورٹ پر ڈی سی او لاہور نے داتا گنج بخش ٹاﺅن کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر (ہیلتھ) کو سریندر کر دیا۔ ڈی سی او نے کہا ہے کہ لاہور شہر کو تعلیمی میدان میں اول پوزیشن پر لے کر آنا ان کا خواب ہے اور وہ اس کے حصول کے لئے محکمہ تعلیم اور ڈی ایم او آفس سے سخت کام لے رہے ہیں۔ انشااللہ لاہور شہر تعلیمی لحاظ سے سات نمبر سے پہلے نمبر پر ضرور آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل نے ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نورالامین مینگل نے برانڈرتھ روڈ پر پاکستان کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔